سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی کیونکہ اس نے۔۔۔


سعودی عرب میں منشیات رکھنے یا اس کی خریدوفروخت میں ملوث ہونے کی سزا موت ہے لیکن اس کے باوجود کچھ عاقبت نااندیش اس قبیح جرم سے باز نہیں آتے اور بالآخر بھیانک انجام کو پہنچ جاتے ہیں۔ گزشتہ روزبھی سعودی حکومت نے ایسے ہی ایک پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی ہے جو منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھا۔ پاکستان ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سعودی حکومت نے ایک ہی دن 6افراد کے سرقلم کیے۔

ان 6افراد میں ایک پاکستانی اور 5سعودی شہری شامل تھے۔ سعودی شہریوں کو قتل کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔ان افراد کی سزائے موت کے بعد سعودی عرب میں رواں سال موت کی سزا پانے والوں کی تعداد 44ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں دہشت گردی، قتل، زناءبالجبر، مسلح ڈکیتی اور منشیات سمگلنگ کی سزا موت ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق گزشتہ سال ان جرائم میں ملوث 153افراد کے سرقلم کیے گئے تھے۔