پاکستان کے حق میں پوسٹ کرنے پر بھارتی پولیس نے22سالہ مسلمان نوجوان کو گرفتار کرلیا


بھارتی پولیس نے 22 سالہ مسلم نوجوان کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کرنے پر حراست میں لے لیا،پولیس سٹیشن کی صفائی کرنے کی سزا سنادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے رہائشی دلنواز عالم نے فیس بک پر پاکستان سے متعلق مواد پوسٹ کیا، جس کی شکایت محلے والوں نے پولیس کو کر دی،شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس دلنواز کوگرفتار کرکے تھانے لے گئی۔ اطلاعات کے مطابق دلنواز نے فیس بک پر سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور دیگر شخصیات کے ساتھ اپنی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔پولیس نے دلنواز کی اصلاح کے لیے اسے انوکھی سزا دی، پہلے اسے قومی ترانہ پڑھنے کے لیے کہا گیا اور پھر اسے پولیس سٹیشن کی صفائی کا کام سونپا گیا،یہی نہیں مسلم نوجوان 15 اگست کی تیاریوں میں ہاتھ بٹانے کی بھی سزا دی گئی۔ دلنواز کی گرفتاری کا سن کر اس کا باپ بھی پولیس سٹیشن پہنچ گیا جس نے اپنے بیٹے کی جگہ معذرت کی اور یہ وعدہ بھی کیا کہ آئندہ وہ اس طرح کی سرگرمی میں ملوث نہیں ہو گا۔
بہار پولیس کے ایس پی شیوہر نے بتایا کہ دلنواز عالم کو غیر ریاستی سرگرمی میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تاہم اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا جس کے بعد اسے یہ کہا گیا کہ وہ جشن آزادی کی تیاریوں میں مدد کرکے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دے۔