آدمی نے ریسٹورنٹ میں ایسا مشروب پی لیاکہ اس کے پیٹ میں واقعی سوراخ ہوگیا، اس میں ایسا کیا تھا؟ جان کر آپ ایسی چیز کو کبھی ہاتھ بھی نہ لگائیں گے


نئی دلی (اردو آفیشل) کولڈ ڈرنک خود ہی اتنے نقصان دہ ہوتے ہیں کہ ان میں کوئی اور نقصان دہ چیز ڈالنے کی ضرور ت نہیں، تاہم ایک بھارتی شہری نے کمال حماقت کا مظاہر کرتے ہوئے مائع نائٹروجن والا کولڈ ڈرنک پی کرپیٹ میں سوراخ کروا لیا۔اس آدمی کے پیٹ میں سوراخ ہونے کا واقعہ پیش آنے کے بعد ریاست ہریانہ نے ریستورانوں اور شراب خانوں میں اس قسم کے ڈرنک پر پابندی عائد کردی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلی سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص کے ساتھ پیش آنے والے بھیانک واقعے کے بعد فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ہریانہ نے مائع نائٹروجن کو کسی بھی قسم کے مشروبات میں مکس کرنے پر سخت پابندی عائد کردی ہے۔ سرکاری اہلکار ریستورانوں اور شراب خانوں میں چھاپے بھی ماریں گے، خصوصی گرگاﺅں، فرید آباد اور پنچگولا کے علاقوں میں تاکہ مائع نائٹروجن والے مشروبات پیش کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جاسکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مائع نائٹروجن کا درجہ حرارت غیر معمولی حد تک کم ہوتا ہے اور اس کی وجہ سے جسم کے عضلات ناکارہ ہوسکتے ہیں۔ اندرونی اعضاءکے پھٹنے کا خدشہ بھی بہت زیادہ ہوتا ہے۔ یہ خطرہ سب سے زیادہ منہ، خوراک کی نالی اور معدے کو ہوتا ہے۔ مائع نائٹروجن کی تبخیر کے ذریعے گیس کی بہت بڑی مقدار بھی پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے انسانی معدہ پھٹ بھی سکتا ہے۔ دلی سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص کے ساتھ بھی یہی کچھ ہوا تھا۔ اس نے مائع نائٹروجن والا مشروب پیا تھا جس کے بعد اس کا پیٹ بے حد پھول گیا اور اسے فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا۔ وہاں انکشاف ہوا کہ اس کے معدے میں بہت بڑا سوراخ ہوچکا تھا اور گیس کی بڑی مقدار بھری ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا اگر اسے کچھ اور وقت تک ہسپتال نہ لایا جاتا تو اس کا پیٹ پھٹ جاتا۔