چین پر اگلے ہفتے کسی بھی وقت ایٹمی حملہ ہو سکتا ہے!


امریکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرالکاہل میں موجود امریکی بحری بیڑے کے کمانڈر ایڈمرل اسکاٹ سوئفٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ حکم جاری کریں تو وہ آئندہ ہفتے چین پر ایٹمی حملہ کرسکتے ہیں۔ کینبرا میں آسٹریلوی نیشنل یونیورسٹی میں ہونے والی سلامتی کانفرنس میں ایک طالب علم نے جب ان سے سوال پوچھا کہ کیا امریکی صدر کے حکم پر وہ چین پر جوہری حملہ کردیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’ جی ہاں بالکل کردیں گے‘‘۔

انہوں نے یہ بات بھی واضح کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ بطور صدر امریکی فوج کے کمانڈر انچیف ہیں اور امریکی فوج اگر ٹرمپ کی اطاعت سے ایک لمحے کے لیے بھی منحرف ہونے کا سوچے گی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ ایڈمرل اسکاٹ سوئفٹ نے کہا کہ امریکی فوج کا ہر عہدے دار اس بات کا حلف لیتا ہے کہ وہ ہر طرح کے داخلی اور بیرونی دشمنوں سے آئین کی حفاظت کرے گا اور کمانڈر انچیف کی حیثیت سے امریکی صدر کا وفادار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جمہوریت کے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ فوج اپنے کمانڈر انچیف کی وفادار رہے اور جب بھی کبھی فوج سول کنٹرول کی اطاعت سے باہر نکلنے کی کوشش کرے گی تو ہم بے پناہ مسائل میں گھِر جائیں گے۔ خیال رہے کہ امریکی ایڈمرل کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلیا اور امریکا کے درمیان بحری مشقیں جاری ہیں.

دوسری جانب امریکی پیسیفک فلیٹ کے ترجمان کیپٹن چارلی براؤن کا کہنا ہے کہ ایڈمرل سوئفٹ کے بیان سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہوگئی ہے کہ امریکی فوج پر سول بالادستی ہمیشہ کی طرح قائم ہے۔