پاکستان کو ایشیا کرکٹ کپ 2020ء کی میزبانی مل گئی


ایشیا کپ ستمبر 2020ء میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹی 20 ہوگا، پاکستان کو میزبانی کی منظوری اے سی سی اجلاس میں دی گئی۔

ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے اجلاس میں پاکستان کو 2020ء میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی دیدی ہے، اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹی ٹونٹی ہوگا

ڈھاکا کے مقامی ہوٹل میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اجلاس میں کیے گئے فیصلے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کونسل کے صدر نظم الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایشیا کرکٹ کپ 2020ء کی میزبانی دیدی گئی ہے.

اب یہ پاکستانی حکام پر منحصر ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کہاں کرتے ہیں، گزشتہ ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے حصے میں آئی تھی اور اس نے ٹورنامنٹ کو امارات میں ارینج کیا تھا، اب پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور اے سی سی کے ڈویلپمنٹ افسر احسان مانی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم ایشین کرکٹ کے فروغ کیلئے طویل پروگرام مرتب کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انڈر 16 اور اںڈر 19 سے ایشیا کپ کا انعقاد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ناصرف ہماری کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ ہمارے ایمپائرز اور میچ ریفریز کو بھی سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔