پی سی بی کی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی امیدیں برقرار،کوششیں تیز کر دیں


پی سی بی کی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی امیدیں برقرار،کوششیں تیز کر دیں
اُردو آفیشل۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے لئے امیدیں اب تک برقرار ہیں۔ اگلے ہفتے بورڈ حکام پنجاب حکومت سے ملاقات میں سیکیورٹی کی ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزارت داخلہ اور دیگر اداروں سے گارنٹی ملنے پر ورلڈ الیون 11سے19ستمبر تک 3ٹی ٹوئنٹی لاہور میں کھیلے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ اس نے ستمبر میں ورلڈ الیون کے دوہ پاکستان کی امیدیں ختم نہیں کیں۔ چیمپئنزٹرافی میں فتح کے بعد آئی سی سی نے ورلڈ الیون کے ٹور کی منظوری دی تھی اور ان میچز کو آفیشل بھی قرار دیا تھا لیکن لاہور میں خودکش دھماکے کے بعد ان کوششوں کو دھچکا لگا۔

ملک میں سیاسی تنا کی وجہ سے بھی اس جانب توجہ نہ دی جاسکی۔ پی سی بی حکام اب اگلے ہفتے پنجاب حکومت سے ملاقات کے لئے کوشاں ہیں۔ صوبائی عہدیداروں سے ملاقات میں ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے لئے کلیئرنس اورسیکیورٹی کی ضمانت حاصل کی جائے گی۔ پنجاب حکومت، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں کی گارنٹی کی صورت میں ستمبر میں ورلڈ الیون کے دورے کے پروگرام کو آخری شکل دی جائے گی۔پی سی بی حکام کو امید ہے کہ پنجاب حکومت سے دورے کے لئے کلیئرنس مل جائے گی۔

ورلڈ الیون کا دورہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے پہلا قدم ثابت ہوگا۔ آئی سی سی ذرائع کے مطابق کونسل نے 15 رکنی ورلڈ الیون کے چنا کی ذمہ داری کوچ اینڈی فلاور کو دے دی ہے۔ سابق زمبابوین کرکٹر بطور کوچ سکواڈ کے ساتھ آئیں گے۔ تمام امور طے پاگئے تو ورلڈ الیون 11 سے 19 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلیں جائیں گے۔