سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پاکستان میں کھیلنے کی دعوت ٹھکرا دی،شہریار خان


سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پاکستان میں کھیلنے کی دعوت ٹھکرا دی،شہریار خان
اُردو آفیشل۔ لاہور دھماکے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر اپنی ٹیم لاہور بھیجنے سے انکار کردیاجبکہ سری لنکن حکومت نے بھی ٹیم کو سیکورٹی کلیرنس نہیں دی۔
چیرمین پی سی بی شہریار خان کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار گزشتہ ہفتے لاہور میں ہونے والے دھماکے کے بعد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی میٹنگ کے دوران اپنے سری لنکن ہم منصب سے کہا تھا کہ دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنی ٹیم کو لاہور بھیجیں جس پر انہوں نے اپنی حکومت سے کلیرنس ملنے کے بعد ٹیم بھیجنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے دنیا میں ہر جگہ ہورہے ہیں لیکن کھیلوں کی سرگرمیاں پھر بھی جاری ہیں، اس لیے صرف پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی درست نہیں۔ سری لنکا کی جانب سے ٹیم نہ بھیجنے پر حیران ہوں۔ پی سی بی نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا کامیاب انعقاد کیا جس میں بہترین سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی ماہرین نے خود لاہور میں آکر سیکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لیا تھا۔
چیرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنی پر مشتمل سیریز اکتوبر اور نومبر میں دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں کھیلی جائے گی۔