راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور نے نیشنل ٹی 20 کپ کے فائنل میں کراچی بلیوز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی سے اپنے اعزاز کا دفاع کر لیا ہے۔ قومی کرکٹر محمد رضوان نے 34 گیندوں پر ناقابل شکست 58 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ریجن کی ٹیم نے ”سٹارز“ سے بھرپور ٹیم کراچی بلیوز کو شکست دے کر نیشنل ٹی 20 کپ جیت لیا ہے۔ سٹار آل راﺅنڈر شاہد آفریدی، سرفراز احمد، انور علی اور فواد عالم بھی اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے اور پشاور کی ٹیم نے 178 رنز کا ہدف 2 اوور پہلے ہی حاصل کر لیا۔ پشاور کی جانب سے محمد رضوان نے 58 رنز بنائے جبکہ افتخار محمد نے 57 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادان کیا۔
پشاور ریجن کے ہی رفعت اللہ نے 23 گیندوں پر 43 رنز شاندار اننگز کھیلی عمران خان جونیئر ٹورنامنٹ کے بہترین باﺅلر قرار پائے جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں ایک ہیٹرک کے ساتھ 16 وکٹیں حاصل کی۔