میرا بھی بچپن میں جنسی استحصال ہوا،اکشے کمار نے محفل میں لوگوں کو حیران کر دیا


میرا بھی بچپن میں جنسی استحصال ہوا،اکشے کمار نے محفل میں لوگوں کو حیران کر دیا
اُردو آفیشل۔ بھارتی فلم انڈسٹری کی کئی معروف اداکارائیں ایسی ہیں جنہوں نے بچپن میں اپنے ساتھ ہونے والے ’’جنسی استحصال ‘‘ کی درد ناک کہانی عوامی تقریبات میں کھلم کھلا بیان کر کے ہلچل مچا دی تھی لیکن اب بالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو اکشے کمار نے ممبئی میں منعقدہ تقریب میں اس بات کا اعتراف کر کے سب کو سکتے میں مبتلا کر دیا کہ بچپن میں ان کے ساتھ بھی جنسی استحصال کا ایک افسوسناک واقعہ رونما ہو چکا ہے ۔

بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق بھارتی فلموں کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے ممبئی میں ’’انسانی سمگلنگ ‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو بھی بچپن میں جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا ،جب میں کم سن اور نا بالغ تھا تو ایک شخص نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا ۔انہوں نے اس واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک ’’ذاتی ‘‘ واقعہ کو شیئر کرنا چاہتا ہوں ،جب میں بچہ تھا تو ایک آدمی نے مجھے غلط طریقے سے چھوا تھا ،میں اپنے والدین کے ساتھ ہمیشہ کھل کر ہر بات کرتا تھا ،میں نے اپنے والدین کو جنسی ہراساں کرنے والے شخص کے بارے میں بتایا جس کی وجہ سے وہ شخص پکڑا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو اپنے والدین اور خاندان کے بڑوں کے ساتھ رشتہ داروں ،دوستوں اور محلے کے افراد جن کے ساتھ آپ کا میل جول ہو کے بارے میں اپنے ساتھ ہونے والے ہر غیر معمولی رویے اور سلوک کی بابت ضرور بتانا چاہئے ۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ بڑا دوستانہ رویہ رکھیں اور انہیں اس حوالے سے آگاہی دیں کہ کوئی بھی ان کے ساتھ غیر معمولی حرکت کرے تو کسی جھجک کے بغیر بچہ ایسی بات ان سے شیئر کر سکے ۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہی اکشے کمار نے اپنے ذاتی سیکیورٹی گارڈ کو بھی اس وجہ سے نوکری سے نکال دیا تھا کہ وہ ان کے بیٹے کے ساتھ ’’غلط ‘‘ اور غیر معمولی لگاؤ دکھا رہا تھا ۔