روس: خاتون صحافی کا میرا ڈونا پر جنسی ہراسگی کا مقدمہ


ماسکو(اردو آفیشل)روس کی ایک صحافیہ نے ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بال ہیرو ڈیاگو ارمان ڈو میرا ڈونا کے خلاف جنسی ہراسگی کا مقدمہ قائم کیا ہے۔ دوسری طرف مدعا علیہ نے خاتون صحافی کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے اس پر اسے بہکانے کا الزام عاید کیا ہے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق روسی صحافیہ 30 سالہ ایکٹرینا ناڈولسکایا


نے مقامی پولیس اسٹیشن میں ایک درخواست دی ہے جس میں دعویٰ کیا ہے کہ سنہ 1986ء میں ارجنٹائن کے فٹ بال کے عالمی مقابلے میں ٹرافی حاصل کرنے والے سابق فٹ بالر نے اپنے حالیہ دورہ روس کے دوران اسے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ مدعیہ کا کہنا ہے کہ میرا ڈونا سینٹ پیٹرس برگ کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے۔ اس نے میرا ڈونا سے انٹرویو کے لیے بات کی تو انہوں نے اس شرط پر انٹرویو دینے کی حامی بھرلی میں کہ میں یہ انٹرویو ان کے کمرے میں لوں گی۔ جب میں انٹرویو لینے ان کے ہوٹل کےکمرے میں پہنچی تو انہوں نے میرے اندر جانے کے بعد دروازہ بند کردیا۔ ایکاٹرینا کا کہنا ہے کہ میرے منع کرنے اور پولیس کو بلانے کی دھمکی کے باوجود میرا ڈونا نے میرے کپڑے اتار پھینکے اور مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس کے بعد میرا ڈونا کے تین ساتھیوں نے مجھے نیم عریاں کپڑوں میں اٹھا کر باہر پھینک دیا۔ انہوں نے تین گھنٹے تک میرا سامان بھی قبضے میں لے رکھا۔ میں دیر تک صرف زیرجامہ میں بے یارو مدد گار وہاں کھڑی رہی۔ اس دوران میرا ڈونا کے ایک ساتھی نے 500 امریکی ڈالر کا نوٹ میری طرف پھینکا۔ دوسری جانب میرا ڈونا نے روسی صحافیہ کا الزام بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خاتون نے مجھے انٹرویو کے بہانے ورغلانےاور بہکانے کی کوشش کی تھی، جس پر مجھے ہوٹل کی سیکیورٹی انتظامیہ کو اسے اپنے کمرے سے باہر نکالنا پڑا تھا۔ پولیس نے میرا ڈونا اور ہوٹل کے ملازمین سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے تاہم رپورٹ کے نتائج سامنے نہیں لائے گئے۔