کیا آپ کا پاس ورڈ محفوظ ہے یا کوئی چوری کرچکا ہے؟


کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) اب تک دنیا میں لگ بھگ 30کروڑ 60لاکھ پاس ورڈز ہیک کیے جا چکے ہیں اور اب ایک سائبر سکیورٹی ماہر نے یہ تمام ہیک شدہ پاس ورڈز یکجا کر دیئے ہیں جس کے ذریعے آپ چیک کر سکتے ہیں کہ آپ کا پاس ورڈ تو ان میں شامل نہیں۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے سکیورٹی ماہر ٹرائے ہنٹ نے ہیک ہونے والے ساڑھے 30کروڑ سے زائد پاس ورڈز یکجا کرکے ایک ویب سائٹ (Have I Been Pwned)پر دے دیئے ہیں۔ صارفین اس ویب سائٹ پر اپنا پاس ورڈ داخل کرکے یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کا پاس ورڈ بھی ہیک ہونے والوں میں شامل تو نہیں۔

 رپورٹ کے مطابق ویب سائٹ پر موجود بار میں اپنا پاس ورڈ داخل کرنے اور pwned?کا بٹن دبانے سے ویب سائٹ خودکار طریقے سے تمام پاس ورڈز کو چیک کرے گی اور آپ کا پاس ورڈ ان سے ملائے گی اور آپ کو بتا دے گی کہ آپ کا پاس ورڈ اس سے قبل ہیک ہو چکا ہے یا نہیں۔ تاہم ٹرائے ہنٹ نے متنبہ کیا ہے کہ ”کبھی بھی اس ویب سائٹ پر یا کسی اور ایسی ہی ویب سائٹ پر اپنا موجودہ پاس ورڈ مت داخل کریں، کیونکہ اس طرح وہ ہیکنگ کے خطرے سے دوچار ہو جائے گا۔ یہاں آپ اپنے سابق پاس ورڈز چیک کر سکتے ہیں۔“ ٹرائے ہنٹ نے پاس ورڈ محفوظ بنانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ”پاس ورڈ 15حروف پر مشتمل ہونا چاہیے اور اس میں انگریزی کے بڑے چھوٹے حروف، اعداد اور علامتیں استعمال کرنی چاہئیں۔ ایسے پاس ورڈ ہیک کرنا تقریباً ناممکن ہوتے ہیں۔“