پاکستان میں سیاست کے نام پر غلط روایت قائم کی جا رہی ہے: نصرت سحر عباسی


کراچی ( آن لائن) مسلم لیگ فنکشنل کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے وہ اچھا نہیں ہے، وہ خود بھی ہراسگی سے متاثر ہیں جس کی یادیں انتہائی تکلیف دہ ہیں۔


نجی ٹی وی سماءسے گفتگو کرتے ہوئے نصرت سحر عباسی نے رانا ثنااللہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر حمزہ شہباز کا عائشہ احد سے کوئی تعلق نہیں ہے تو اس سے صاف الفاظ میں انکار کردیں، یہ کسی طور بھی مناسب نہیں ہے کہ ایک خاتون کو پیشہ ور قرار دیا جائے، پاکستان میں سیاست کے نام پر غلط روایت قائم کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حمزہ شہباز کی مبینہ بیوی عائشہ احد ایک پیشہ ور عورت ہے جو پیسوں کیلئے الزامات لگا رہی ہے۔ نصرت سحر نے کہا کہ جو کچھ اس وقت پاکستان کی سیاست میں خواتین کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے بعد لوگ اپنی بہنوں ، بیٹیوں کو گھروں سے باہر نہیں نکالیں گے اور خواتین کا سیاست میں کردار محدود ہو جائے گا۔نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ہراساں ہو چکی ہیں اور جب بھی وہ وقت یاد کرتی ہیں تو انتہائی تکلیف اور دکھ ہوتاہے۔ واضح رہے کہ کچھ ماہ پہلے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران نصرت سحر عباسی کو پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر امداد پتافی نے اپنے چیمبر میں بلانے کی دعوت دی تھی جس پر پورے ملک میں ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔