سوشل میڈیا نے جہاں عام لوگوں کو آواز فراہم کی ہے وہیں بہت سے لوگ اس آزادی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تربیت کا پتہ بھی دیتے ہیں ۔ اس قسم کے لوگوں کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت کو کس قسم کی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟ اس کا اندازہ ارم عظیم فاروقی کی حالت زار سے
لگایا جا سکتا ہے جن کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا بہت فحش ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عائشہ گلالئی اور اس کے بعد عائشہ احد کے میڈیا پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک طوفان مچا ہوا ہے ۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لیڈرز پر ایسا گند اچھالا جا رہا ہے کہ الامان الحفیظ۔ سوشل میڈیا پر بیہودگی کے اس طوفان میں خواتین صارفین بالعموم اور خواتین سیاستدانوں کو بالخصوص شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حال ہی میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والی کراچی کی ارم عظیم فاروقی اس سب سے شدید تنگ آ چکی ہیں۔ارم عظیم فاروقی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انتہائی دل شکستگی کے عالم میں سوشل میڈیا پر عزتیں اچھالنے کے عمل پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ”جب بھی میں اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ چیک کرتی ہوں تو لگتا ہے کہ یہ بہت ہی گندا ہوتا جا رہا ہے، بہت زیادہ گالیاں اور بہت سی منفی باتیں اور یہاں تک کہ سوشل میڈیا ایکس ریٹڈ (فحش) مواد سے بھرا ہوتا ہے، یہ سب دیکھ کر مجھے شدید صدمہ پہنچتا ہے“۔