ناز بلوچ کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے بعد عائشہ گلالئی نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا
اُردو آفیشل۔ ناز بلوچ کے پیپلز پارٹی میں شامل ہوجانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی سماءکے مطابق تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ انہوں نے آج (منگل کو) وزیر اعظم کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا بھی اعلان کردیا ہے۔
عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر ان کی کئی بار تذلیل کی گئی ہے جس پر وہ احتجاج بھی کر چکی ہیں لیکن اب واپسی کے راستے بند ہوچکے ہیں اور وہ بہت جلد پریس کانفرنس کرکے حقائق سامنے لائیں گی ۔
سماءنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ عائشہ گلالئی خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کے صدر امیر مقام سے ملاقاتیں کر چکی ہیں اور وہ ممکنہ طور پر حکمران جماعت میں شامل ہو سکتی ہیں لیکن عائشہ گلالئی نے تاحال اس حوالے سے واضح طور پر نہیں بتایا ہے۔
دوسری جانب عائشہ گلالئی کی ناراضی کا علم ہوتے ہی تحریک انصاف کے سینئر رہنما متحرک ہو چکے ہیں اور انہیں منانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔