اسلام آباد (نیو زڈیسک)چیئرمین میٹرو بس سروس اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا گیا۔حنیف عباسی نے اپنے دعوے میں موقف اختیار کیا تھا کہ شیخ رشید احمد نے مختلف ٹی وی چینلز پر گفتگو کے دوران ان پر منشیات فروش ہونے
اور 10 ٹن ہیروئن حاصل کرنے کا الزام لگایا۔درخواست میں کہا گیا کہ شیخ رشید احمد نے عوامی اجتماع کے دوران کہا تھا کہ حنیف عباسی کے خلاف ہیروئن کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ان پر بے بنیاد الزام لگا کر ان کی سیاسی ساکھ کو متاثر کیا۔ایڈیشنل سیشن جج گلزار احمد نے حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ماہ 3 اگست کو عدالت میں طلب کر لیا۔