اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگ رہے کیونکہ یہ اڈیالہ جیل جائیں گے وہاں ان کے لیے جگہ تیار ہورہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے، پاناما پیپرز میں کوئی سازش نہیں، جب یہ معاملہ سامنے آیا تو نواز شریف نے بار بار عوام سے کہا کہ وہ اپنے اور خاندان کے احتساب کے لیے تیار ہیں، نوازشریف نے قومی اسمبلی میں دستاویزات دکھائی تھیں لیکن حقیقت میں ان کے پاس کوئی دستاویز نہیں جب کہ ان کے پاس وقت بہت کم ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب کوئی شریف خاندان کے احتساب کی بات کرتا ہے تو یہ دھمکیاں دیتے ہیں، دھمکیوں کا وقت گزر گیا اور قوم ان کی دھمکیوں کی فکر نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جھوٹ بولنے پر شرمندگی کی بجائے کہتے ہیں ہم احتساب مانتے ہی نہیں۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف 30 سال سے کرپشن کررہے ہیں اور پھر الزام پوچھتے ہیں، ان پر نیب میں 12 کیسز موجود ہیں،مظلوم شکل بنانے سے کچھ نہیں بنے گا، دنیا اب بدل گئی ہے اور یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، منی لانڈرنگ دہری کرپشن ہوتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے چوری کا پیسا باہر بھیجا جاتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے قطری کے خط کی دھجیاں اڑادی ہیں، نوازشریف اب اڈیالہ جیل جائیں گے اور ان کے لیے جیل میں جگہ تیار ہورہی ہے۔ اٹارنی جنرل کے مطابق عدالت کے سامنے جھوٹ بولنے پر 7 سال کی سزا ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف جو کھڑا ہوگا وہ آئین کی خلاف ورزی کرے گا جب کہ ہمارے سڑکوں پر نکلنے کی نوبت نہیں آئے گی۔