وزیراعظم کے کیس کا سارا سٹرکچڑتباہ ہو چکا ہے،قمر زمان کائرہ،نوازشریف کیس کو ٹرائل کورٹ میں لے جانا چاہتے ہیں،ان کے خلاف قرارداد پیش کریں گے،شیری رحمان


وزیراعظم کے کیس کا سارا سٹرکچڑتباہ ہو چکا ہے،قمر زمان کائرہ،نوازشریف کیس کو ٹرائل کورٹ میں لے جانا چاہتے ہیں،ان کے خلاف قرارداد پیش کریں گے،شیری رحمان
اردو آفیشل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے کیسز کی عمارت کا سارا سٹرکچر تباہ ہوگیا۔ شیری رحمان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے پاس سپریم کورٹ میں کوئی جواب نہیں تھا،کیس کو کھینچا جا رہا ہے تاکہ اسے ٹرائل کورٹ لے جایا جا سکے، ان کے خلاف سینیٹ میں قرار داد پیش کریں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دستاویزات کھودا پہاڑ نکلا چوہا والی نکلیں اور الٹا انہی کے گلے پڑ گئیں ۔ ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھاآج قطری تھری بھی آیا لیکن یہ بھی پہلے دونوں کی طرح اڑ گیا ۔ جج صاحبان نے آبزویشن دی کہ اگر قطری عدالت میں پیش نہیں ہوتا تو معاملہ ختم، آج وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے کیسز کی عمارت کا سارا سٹرکچر تباہ ہوگیا۔ سب کچھ دیوار پر لکھا نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 4 اپریل کو اعتزاز احسن نے بھٹو شہید کی برسی پر سب سے پہلے اس معاملے پر بات کی، پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت کے ساتھ کسی بھی ایشو پر نرمی نہیں کی گئی ہم نے ہر معاملے پر پوزیشن لی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگلے وزیر اعظم کیلئے بہت سے حکومتی وزیر پر امید ہیں دیکھتے ہیں کس کی امید بر آتی ہے۔
اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ججز ایک سال سے پوچھ رہے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے ۔ نوشتہ دیوار سامنے ہے۔ مریم کے کونسل نے بھی تسلیم کرلیا کہ وہ بینی فیشل آنر ہیں، سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ ان کے پاس کوئی بھی کریڈیبل جواب نہیں ہے ، کیس کو کھینچا جا رہا ہے تاکہ کیس ٹرائل کورٹ لے جایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے سینیٹ میں پاناما پر بحث شروع ہو جائے گی اور وہاں قرار داد بھی پیش کریں گے کیونکہ اب یہ سسٹم کیلئے مضر ہو گئے ہیں۔
پی پی رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ شریف خاندان نہ صرف سپریم کورٹ میں پھنس گیا ہے بلکہ ابھی انہوں نے برطانیہ کی عدالتوں میں بھی پھنسنا ہے۔