حکومت سستی بجلی پیدا کرنے اورملک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے متبادل ذرائع پر توجہ دے رہی ہے


پاکستان میں بجلی کابحران ختم کر نے کی ایک بڑی کوشش ۔توانائی کے وزیر عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت سستی بجلی پیدا کرنے اورملک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے متبادل ذرائع پر توجہ دے رہی ہے .

آج لاہور میں سو میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کے لئے تعاون کے خط پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم لاگت کے بجلی منصوبوں سے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی .وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ سرکاری اور نجی شراکت داری کے تحت لیہ میں بجلی کا ایک اور منصوبہ قائم کیا جائے گا.

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ایندھن کی بنیاد پر مہنگی بجلی کی پیداوار پر انحصار کیا جس کے نتیجے میں ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے. دوسری جانب بجلی کی بچت کیلئے پنجاب حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اورنج لائن ٹرین کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا ہے.اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں بھی سولر سسٹم لگایا جائے گا.

210 سرکاری ہسپتالوں میں بھی شمسی توانائی کے پینلز نصب ہوں گے.عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کی توانائی کی ضروریات دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں. پنجاب میں 51 فیصد توانائی گھریلو صارفین استعمال کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی سیکٹر میں سہولیات مہیا کر رہی ہے. پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں.اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس سیکشن میں ضرور کریں ۔