پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کر دیا اور الیکشن کمیشن میں عمران خان اور فیصل واوڈا کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست جمع کرادی ،پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس شواہد موجود ہیں،ہم ثابت کرنا چاہتے کہ ان کی منی ٹریل مشکوک ہے،ہم نے ایف بی آر سے عمران خان کی ہمشیرہ کی تمام جائیداد کی تفصیلات مانگیں ہیں ،ابھی تک ان سے منی ٹریل کا نہیں پوچھا گیا،یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے لیئے ایک قانون اور دوسری کے لیئے دوسرا قانون ہو؟ پیپلز پارٹی احتساب سے حائف نہیں ہے لیکن سب کے خلاف ایک ہی قانون سے احتساب کیا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ؤں فرحت اللہ بابر ، نفیسہ شاہ،چوہدری منظور نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی، پیپلز پارٹی کے رہنما ؤں نے الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے درخواست جمع کرا دی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کرائی ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جو اثاثوں کی تفصیلات دیں ان کی کاپی ہمیں دی جائے ،ہم نے فیصل واوڈا کے اثاثوں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں ،عمران خان نے 1997،2002،2013اور 2018 میں جتنے الیکشن لڑے ہیں ان میں انہوں نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں ،ہم نے وہ تمام تفصیلات مانگیں ہیں،پیپلز پارٹی کے پاس شواہد موجود ہیں،ہم ثابت کرنا چاہتے کہ ان کی منی ٹریل مشکوک ہے ۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اکبر ایس بابر نے بھی ایک پٹیشن دائر کی تھی کہ کس طرح ان کا پارٹی فنڈ غلط استعمال ہوا،ہم نے ایف بی آر سے عمران خان کی ہمشیرہ کی تمام جائیداد کی تفصیلات مانگیں ہیں ،ابھی تک ان سے منی ٹریل کا نہیں پوچھا گیا،سیکیورٹی ایکسچینج پاکستان سے بھی ہم نے جہانگیر ترین کے کاروبار کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،اس کیس میں نہ جے آئی ٹی بنی ہے نہ گرفتاری ہوئی،تحریک انصاف کے دور حکومت میں احتساب وچ ہنٹنگ ہے ،احتساب سب کا ہونا چاہیے،یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے لیئے ایک قانون اور دوسری کے لیئے دوسرا قانون ہو ؟ پیپلز پارٹی احتساب سے حائف نہیں ہے لیکن سب کے خلاف ایک ہی قانون سے احتساب کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف جو ریفرنس دائر کرنا چاہتا ہے کرے ہم قانونی طریقے سے اس کا مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے بھی پارٹی کی ہدایت پر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست کراچی میں واقع الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں جمع کرائی ہے ،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیاہےکہ آصف علی زرداری نیو یارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جانے والے اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں،اس لئے آئین کے مطابق آصف زرداری صادق اور امین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔