اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ تمام نجی سکول فیسیں 20 فیصد کم کریں گے، گرمیوں کی چھٹیوں میں وصول کی گئی فیس والدین کو واپس کی جائے گی، ایف بی آر کو تمام نجی سکولوں کے اکاؤنٹس اور ٹیکس ارکارڈ کی چھان بین کا بھی حکم دیدیا گیا۔
عدالت عالیہ نے فیصلے میں کہا ہے کہ تمام پرائیویٹ سکولز 20 فیصد فیس کم کریں، گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس واپس کی جائے، سکول ہر سال فیس میں پانچ فیصد اضافہ کر سکتے ہیں، کوئی سکول بند نہیں کیا جائے گا، چیئرمین ایف بی آر تمام نجی سکولوں کے اکاؤنٹس کی لیجر بکس اور کمپیوٹر ریکارڈ قبضے میں لے کر ٹیکس ادائیگی کی پڑتال کریں۔
بعض نجی سکولوں کی آڈٹ رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں جن کے مطابق سی ای او اور ڈائریکٹرز کو اس سال میں کروڑوں روپے کی ادائیگیاں ہوئیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ان سکولوں نے یورینیم کی کانیں لی ہیں یا سونے کی؟
ایک ایک ڈائریکٹر کو 83 لاکھ تنخواہ دی جا رہی ہے، ایک سکول نے آڈٹ رپورٹ غلط کیوں بنائی؟ پکڑ لیں اس کو اور ایف بی آر کے حوالے کریں، ایف بی آر اس سارے معاملے کی تحقیقات کرے۔