سوشل میڈیا پر آئی جی سندھ کی جانب سے محرم کے جلوسوں پر پابندی کے حوالے سے چلنے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے دفتر سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ماہ محرم کے سلسلے میں برآمد ہونے والے تمام روائتی جلوسوں/پرمٹ والے جلوسوں پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی.آئی جی سندھ نے مذید کہا کہ کیا ہی اچھا ہوکہ کسی بھی رپورٹ کی اشاعت یا اسے چلانے سے قبل اسکی باقاعدہ تصدیق کو فرائض منصبی کا حصہ بنا لیا جائےجوکہ عین صحافتی اقدار اور اصولوں کا اولین تقاضہ اور ترجیح ہے .
دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیر صدارت ماہ محرم الحرام میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی جیسے اقدامات کے قیام کے لئے اجلاس منعقد کیا گیا.اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کے ہمراہ آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کراچی، سندھ کے تمام ڈی آئی جیز،زونل ڈی آئی جیز کراچی،کمشنرز،اور مذہبی جماعتوں کے نمائندگان بھی موجود تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل انور خان سیال کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ تمام مذھبی،سیاسی و سماجی جماعتوں کے جذبات و احساسات کا احترام کرتی ہے اور تمام عقائد کے ماننے والوں کو مقدم مانتی ہے .وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد تمام مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان کی موجودگی میں ایسا لائحہ عمل ترتیب دینا ہے جس کے تحت ماہ محرم میں تمام مکاتب فکر کے ماننے والوں کو کوئی پریشانی درپیش نہ آئے اور مجالس و عزارادی کے اجتماعات کی سیکورٹی مکمل محفوظ اور فول پروف بنائی جاسکے.اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ کو ماہ محرم میں سندھ پولیس کی جانب سے کئے جانے والے سیکورٹی اقدامات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی. وزیر داخلہ سندھ نے بطور خاص اس امر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کی عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیئے اور اس حوالے شرپسند،امن دشمن عناصر کی بیخ کنی کے عمل میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے .وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے تمام مذھبی جماعتوں کو ماہ محرم میں مکمل تعاون اور سیکورٹی کی یقین دھانی بھی کروائی گئی.
..