چیئرمین نیب کےلئے حتمی نام کا اعلان کر دیا


اپوزیشن جماعتوں نے باہمی مشاورت کے بعد چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کا نام فائنل کرلیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ باہمی مشاورت کے بعد جسٹس (ر) جاوید اقبال کا نام چیئرمین نیب کیلئے دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کیلئے متحدہ اور جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں سے رابطہ کیا اورتمام جماعتوں سے مشاورت کی ۔ چیئرمین نیب کے عہدے پر ایماندار آدمی ہونا چاہیے اس لیے جسٹس جاوید اقبال کا نام دیا ہے کیونکہ ان کا ماضی شاندار رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حکومت کو اس بات پر قائل کیا ہے کہ آئندہ آنے والا وقت بہت اہم ہے اس لیے چیئرمین نیب کے عہدے پر ایماندار آدمی کو تعینات کیا جائے۔ جس کے بعد جسٹس (ر) جاوید اقبال کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے، دعا ہے کہ جسٹس جاوید اقبال اپنے نئے عہدے پر ایمانداری سے ڈیوٹی سر انجام دیں۔