کراچی میں گرفتار ایم کیو ایم لندن کے گرفتار دہشت گردوں کی تفتیشی رپورٹ میں لرزہ خیز انکشافات


کراچی میں گرفتار ایم کیو ایم لندن کے گرفتار دہشت گردوں کی تفتیشی رپورٹ میں لرزہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں ملزمان کا کہناہے کہ انہوں نے کئی افراد کو ٹارچر سیل لے جا کر ٹوکے سے کاٹ کر ہلاک کیا اور نعشیں ٹکڑوں کی صورت میں پہاڑی میں دفنائیں، کئی کو پھانسی گھاٹ اتارا گیا ۔

ملزمان سلیم چودھری اور ظہیربابر نے تفتیش کے دوران بتایا انہوں نے کئی افراد کو ٹوکے سے قتل کیا۔ 22 اگست کی تقریر کے موقع پر وہ پریس کلب پر موجود تھے۔ملزمان نے 22 ساتھیوں کے نا م بھی بتاد یئے ۔

ملزم سلیم نے اورنگی ٹاون سے آزاد حسن نامی شخص کو اغوا کرکے ہلاک کرنےکااعتراف کیاہے۔ملزم کے مطابق آزاد حسن کو ٹارچر سیل لے جا کر ٹوکے سے کاٹ کر ہلاک کیا اور آزاد کی نعش ٹکڑوں کی صورت میں پہاڑی میں دفنائی۔

ملزم سلیم نے انکشاف کیا اورنگی ٹاﺅن سے ہی ایک اور شخص کو اغوا کے بعد قتل کیا۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اقبال نامی شخص واردات کے لیے بغدا فراہم کرتا تھا۔ملزم ظہیر بابر کے مطابق 2008 میں ایک شخص کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا۔پولیس کا کہنا تھا قتل کی واردات میں نور الدین، حیات، کامران، آصف بھایا اور دیگر شریک تھے۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم ظہیر بابر نے بتایا کہ ہارون گوٹھ میں جھگڑے کے دوران مخالف پارٹی پر فائرنگ کی۔ملزم ظہیر کا کہنا تھا وہ 22 اگست کی تقریر کے موقع پر پریس کلب پر موجود تھا، اسلحہ یونٹ آفس سے فراہم کیا جاتا تھا۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش 22 ساتھیوں کے نا م بتائے ہیں۔