آسمانی بجلی جہاں گرتی ہے ہر چیز جلا کر بھسم کر دیتی ہے تاہم چلتی گاڑیوں پر بجلی گرنے کے واقعات شاذ ہی وقوع پذیر ہوتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایسے ہی ایک حیران کن واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی جس میں ایک گاڑی پر بجلی گرتے ہوئے دکھائی گئی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی معمولی رفتارسے سڑک پر جا رہی ہوتی ہے کہ اچانک آسمان سے بجلی کی ایک آگ نما لپٹ اس کے اوپر آ گرتی ہے، جس سے حیران کن طور پر گاڑی کی رفتار دو گنا تیز ہو جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈرائیور اپنے اوسان بحال رکھتے ہوئے کسی طرح گاڑی پر اپنا کنٹرول باقی رکھتا ہے اور اسے تھوڑے فاصلے پر جا کر روکنے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور باہر نکل کر اس سے دور بھاگ جاتا ہے۔ بجلی گرنے کی جگہ اور گاڑی میں سے تادیر دھواں اٹھتا رہتا ہے۔ اس اثناءمیں اردگرد موجود دکانوں سے درجنوں لوگ گاڑی کے گرد جمع ہو جاتے ہیں اور ڈرائیور کی مدد کرنے لگتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ کہاں پیش آیا تاہم انٹرنیٹ پر یہ ویڈیو بہت زیادہ دیکھی جا رہی ہے۔