مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی، خاتون اپنی بیٹیوں سمیت آزاد کشمیر پہنچ گئی


مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے باعث وہاں شہریوں کا جینا دو بھر ہوگیا ہے، گھر گھر تلاشی اور نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کے لئے وادی میں رہنا محال ہوگیا ہے ، بھارتی ظلم و تشدد سے تنگ آکر مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ سے ایک خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ آزاد کشمیر کے ضلع حویلی پہنچ گئی ہے جس نے وزیر اعظم پاکستان سے تحفظ کی اپیل کی ہے. تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پونچھ کے گاﺅں دیگوار ہلاں سے ایک عورت دو بچے اور ایک جواں سالہ لڑکی انڈین آرمی کے مظالم سے تنگ آکر ہجرت کر کے حویلی کہوٹہ پہنچ گئے.

جہاں پولیس ان سے پوچھ گچھ میں مصروف ہے.ہجرت کرنے والی خاتون مجیدہ بی بی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا خاوند سعودی عرب میں ہے.آئے روز انڈین آرمی ان کے گھروں میں داخل ہو کر مار پیٹ کرتے ہیں.عزتیں محفوظ نہیں ان کے مظالم سے تنگ آکر رات کی تاریکی میں کنٹرول لائن عبور کی.ہماری امیدوں کا محور پاکستان و آزاد کشمیر ہے.وزیراعظم پاکستان و آزاد کشمیر ہمیں تحفظ فراہم کریں ہم کسی صورت واپس نہیں جائیں گے.مجیدہ بی کے ہمراہ اس کے دو بچے اعجاز اکبر اور بیٹی شہانہ اکبر کے علاوہ ایک جواں سالہ لڑکی بھی ہے.مجیدہ بی بی نے حکام سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ ہمیں ہر ممکن تحفظ دیں گے جس کی بنیاد پر ہم نے اتنا بڑا اقدام اٹھایا ہے.