حکومت نے عید الاضحی کی چھٹیوں کا اعلان کردیا


محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ذی الحج کا چاند 22 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے بعد عید الاضحی 1 ستمبر کو منائی جائے گی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگر مطلع ابر آلود نہ ہوا تو پاکستان میں ذی الحج کا چاند 22 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے بعد 1 ستمبر کو عید الاضحیٰ ہو گی۔ رویت ہلال کمیٹی

کی جانب سے بھی 22 اگست کو ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس منعقد ہو گا جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عبدالقدوس کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے ساتھ ساتھ زونل اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے اجلاس بھی مورخہ 22 اگست کو منعقد کیے جائیں گے تا کہ چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور کی مسجد قاسم خان کمیٹی کے سربراہ مفتی پوپلزئی سے رابطہ کر کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت یا نمائندگی کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔خیال رہے کہ وزارت مذہبی امور نے عید الفطر کے موقع پر بھی مفتی پوپلزئی سے رابطہ کر کے پورے ملک میں ایک ہی دن عید منانے کی کوششیں کی گئی تھیں لیکن مسجد قاسم خان کی انتظامیہ نے اپنی تاریخ دہراتے ہوئے ایک روز قبل ہی عید منانے کا اعلان کر دیا تھا۔دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے پہلے ہی مورخہ 1 ستمبر سے لے کر 3 ستمبر تک عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔