پاکستان ریلوے کی ”آزادی ٹرین“ مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے پاکستان کے سفر پر روانہ، آئی ایس پی آر کی خصوصی بوگی بھی شامل


اسلام آباد(آن لاےن) پاکستان کے70ویں یوم آزادی کے موقع پرپاکستان ریلوے نے خصوصی ٹرین تیار کر لی ،پورے ملک کی ثقافت کا نمونہ پیش کرنے والی ٹرین حقیقت میں ”منی پاکستان “ ہے جس میں پاکستان میں مختلف مذاہب کے ماننے والے اور مختلف زبانیں بولنے والے بسنے والے افراد کی عکاسی کی گئی ہے، ٹرین پانچ گیلریز اور چھ فلوٹس پر مشتمل ہیں جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی تیار کی گئی بوگی دلچسپی کامرکز بنی ہوئی ہے۔آزادی ٹرین میں آئی ایس پی آرگیلری میں ردالفساد اور خیبر فور آپریشنز کی تصاویری جھلکیاں بھی گیلری میں آویزاں ہیں جبکہ برہان وانی کی تصویرلگا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی ”آزادی ٹرین“ مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے پاکستان کے سفر پر روانہ ہوگئی ہے۔ہر صوبے کے ثقافتی ورثے سے مزین اس ”آزادی ٹرین” کو منی پاکستان کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔

آزادی ٹرین میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے علاوہ ٹرین میں آئی ایس پی آر کی طرف سے دو خصوصی بوگیاں بھی لگائی گئی ہیں، جو دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

خصوصی بوگی میں مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ بلند محاذ جنگ سیاچن سمیت قدرتی آفات میں کردار کی بھی منظر کشی کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کی بوگیوں میں ملکی سطح پر تیار کردہ دفاعی ساز و سامان کے ماڈلز شامل ہیں، ان خصوصی بوگیوں میں انیس سو اڑتالیس کی جنگِ کشمیر سے لے کر آپریشن ضرب عضب تک میں اپنی جانیں دینے والے فوجیوں کی تصاویر آویزاں ہیں جبکہ پنجاب اورسندھ رینجرز سمیت بلوچستان اور کے پی کی ایف سی کے کردار کی بھی نمایاں عکاسی کی گئی ہے۔

چاروں صوبوں سے ہوتی ہوئی یہ ٹرین چھ ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر کراچی پہنچے گی اور آٹھ ستمبر تک کینٹ اسٹیشن پر عوامی نمائش کے لیے ٹھہرے گی۔