عدالت نے سابق دوست کو بلیک میل کرنے والی خاتون کے گھر کے سرچ وارنٹ جاری کر دیئے


ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کو سابق دوست کو بلیک میل کرنے والی خاتون کے گھر کے سرچ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ طلعت محمود نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار مہوش اسجد کی سابق دوست ہمنہ نازیبا تصاویر کی بنیاد پر مدعیہ کو بلیک میل کر رہی ہے اور ملزمہ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہ کرنے کے عوض مدعیہ سے 45ہزار روپے بھتہ بھی وصول کر چکی ہے، مدعیہ کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ نے دوستی کے زمانے میں مہوش اسجد کی نازیبا تصاویر بنائی تھیں اور اب ملزمہ نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہ کرنے کے عوض مزید بھتہ مانگ رہی ہے.

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ درخواست گزار مہوش اسجد کی درخواست پر انکوائری مکمل کر لی گئی ہے اور کیس میں ملزمہ کے گھر پر چھاپہ مارنے سے ڈیجیٹل میڈیا اور موبائل برآمد ہونے کے قوی امکانات ہیں ،ملزمہ ہمنہ کے گھر چھاپہ مارنے کے لئے سرچ وارنٹ جاری کئے جائیں،عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد سابق دوست کو بلیک میل کرنے والی ملزمہ کے گھر کے سرچ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔