لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے پنجاب یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی سے متعلق حکومت پنجاب سے وضاحت طلب کر لی۔ درخواست گزار ڈاکٹر زید کے وکیل اسد منظور بٹ نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے قائم مقائم ڈاکٹر ظفر معین وائس چانسلر بننے کی اہلیت نہیں رکھتے،ڈاکٹر ظفر کا ٹیچنگ کے شعبے میں کوئی تجربہ نہیں، انہوں نے تمام ڈگریاں سیکنڈ ڈویژن میں لے رکھی ہیں،انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود یونیورسٹی میں مستقل وی سی کی تقرری نہیں کی جا رہی، پنجاب یونیورسٹی کے قانونی مشیر ملک اویس خالد نے عدالت کو بتایا کہ یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کا عمل جاری ہے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کا کوئی تو وقت مقرر ہونا چاہیے، عدالت نے پنجاب یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی سے متعلق حکومت پنجاب سے وضاحت طلب کر تے ہوئے سماعت 17اگست تک ملتوی کر دی۔