نئے قائد ایوان کے انتخاب کی ووٹنگ آج ہو گی،وزیراعظم کے عہدے کے لیے 6امیدوار میدان میں


نئے قائد ایوان کے انتخاب کی ووٹنگ آج ہو گی،وزیراعظم کے عہدے کے لیے 6امیدوار میدان میں
اُردو آفیشل۔ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی میں ووٹنگ آج ہوگی۔ وزیر اعظم کے عہدے کیلئے 6 امیدوار میدان میں ہیں تاہم حکمران جماعت کو واضح اکثریت حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق 28 جولائی کو نواز شریف کی نا اہلی کے بعد قومی اسمبلی کے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے اجلاس آج ہوگا جس میں سہہ پہر تین بجے وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی۔ نئے قائد ایوان کے عہدے کیلئے 6 امیدوار میدان میں ہیں تاہم جو امیدوار 342 ارکان کے ایوان میں سادہ اکثریت یعنی 172 ووٹ حاصل کرلے گا وہی اگلا وزیر اعظم ہوگا۔ وزیر اعظم کی نشست کیلئے حکمران جماعت کی جانب سے شاہد خاقان عباسی امیدوار ہیں، قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 188 ارکان ہیں جبکہ اتحادیوں کے ووٹ ملا کر انہیں 214 ووٹ ملنے کی امید ہے۔دوسری جانب اپوزیشن کوئی بھی مشترکہ امیدوار لانے میں ناکام رہی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے شیخ رشید، پی پی کی جانب سے خورشید شاہ اور سید نوید قمر، ایم کیو ایم کی کشور زہرہ اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے کا غذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔
قومی اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل سہہ پہر 3 بجے شروع ہوگا اور یہ عمل شروع ہونے سے پہلے اسمبلی کے دروازے بند کردیے جائیں گے جس کے بعد نہ کوئی رکن اندر آسکے گا اور نہ ہی باہر جا سکے گا۔ وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل خفیہ رکھا جائے گا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوگی اور سپیکر قومی اسمبلی نئے قائد ایوان کا اعلان کریں گے۔