لاہور: سپریم کورٹ نے پانا ما کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوازشریف کو بطور رکن قومی اسمبلی عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تاہم اب سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے انکشاف کیا ہے کہ عدالتی حکم نامے میں وزیراعظم کو تاحیات نااہل نہیں بلکہ موجودہ نشست سے ڈی سیٹ کیاگیا، ، نوازشریف بھی افتخار احمد چیمہ کی طرح دوبارہ الیکشن لڑسکتے ہیں تاہم موجودہ نشست سے وہ ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔
مجیب الرحمان شامی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں ، انہیں ایف زیڈای کمپنی سے تعلق ظاہر نہ کرنے کے الزام کے تحت عہدے ہٹایاگیا ، انہوں نے تنخواہ وصول تو نہیں کی لیکن وہ کمپنی کی جانب سے واجب الادا ہوگئی،یہ بات واضح کرلیں کہ کرپشن کے الزام پر عہدے سے نہیں ہٹایاگیا، بالکل اسی طرح کا کیس مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ہی منتخب ہونیوالے جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ کا تھا جنہوں نے ضمنی الیکشن بھی لڑا، افتخار چیمہ پر الزام تھا کہ اُنہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں بیگم کے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔ان کاکہناتھاکہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نوازشریف کی نااہلی کی مدت کا ذکر نہیں کیا لہٰذا افتخار چیمہ کی طرح نوازشریف بھی دوبارہ الیکشن لڑسکتے ہیں ۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیاہے کہ (ROPA) رپریزنٹیشن آف پیپلز ایکٹ کی شق نمبر12(f) کو جب آرٹیکل f(1) 62 کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے تو وہ اہل نہیں رہے ،اسی طرح جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ کو بھی ROPA کی اسی شق کے تحت نا اہل کیا گیا تھا لیکن پھر انہوں نے بعد میں اسی نشست سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا ۔
یہ کہنا درست نہیں ہو گا کہ افتخار چیمہ کے معاملے کا اطلاق نوازشریف پر نہیں ہو تا ،دونوں میں گہری مماثلت ہے