تحریک انصاف کا خواجہ آصف کے اقامہ کا معاملہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں اٹھانے کا اعلان
اُردو آفیشل۔ پاکستان تحریک انصاف نے خواجہ آصف کا اقامہ سامنے آنے کا معاملہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں اٹھانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ڈاکٹر بابر اعوان، فواد چوہدری ، عارف علوی اور این اے 110 سے خواجہ آصف کے مخالف پی ٹی آئی کے امیدوار عثمان ڈار نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں خواجہ آصف کے اقامے اور ابو ظہبی میں ملازمت کا معاملہ اعلیٰ عدلیہ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف کی ملازمت کا اقامہ سامنے آ چکا ہے لیکن انہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں اس کا ذکر نہیں کیا۔ خواجہ آصف نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے کاغذات میں کاروبار کرنے کی بات لکھی جبکہ در حقیقت وہ ابو ظہبی میں ملازمت کررہے ہیں ، نہ ہی انہوں نے اپنی تنخواہ کا کہیں ذکر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے خلاف دونوں محاذوں پر لڑیں گے ، ان کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ میں پٹیشنز دائر کریں گے۔ خواجہ آصف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اس لیے وہ نا اہل ہوں گے۔