عوام کو عمران خان اور جہانگیر ترین کے کیسزنہیں پانامہ کیس کا فیصلہ چاہیے،فواد چوہدری


عوام کو عمران خان اور جہانگیر ترین کے کیسزنہیں پانامہ کیس کا فیصلہ چاہیے،فواد چوہدری
اُردو آفیشل۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے وزیر اعظم نوازشریف کے دورہ مالدیپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے مالدیپ دورے کی دعوت خود منگوائی ، اتنے متنازع وزیر اعظم کیساتھ کوئی حکومت بات چیت کرنے کو تیار نہیں ۔پوری کابینہ اقاموں پر بیٹھی ہوئی ہے اور وزراءتین تین نوکریاں کر رہے ہیں ۔سپریم کورٹ سے درخواست ہے پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنائے تاکہ کرائسز ختم ہو سکے۔”آپ کے فیصلے پر پوری قوم کی نظریں ہیں “۔عوام کو عمران خان اور جہانگیرترین کے کیسز میں دلچسپی نہیںبلکہ قوم کو پاناما کیس کے فیصلے کا انتظار ہے۔

جہانگیر ترین کی نااہلی کیلئے حنیف عباسی کی درخواست کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی اگر جہانگیر ترین سے معافی مانگیں اور کیس واپس لے لیں تو جہانگیر ترین سے بات کرونگا کہ حنیف عباسی کو سزا دلوانے کی درخواست واپس لے لیں جس میں انہیں 5سال کی سزا ہو سکتی ہے۔ لیکن اگر انہوں نے معافی نہ مانگی تو حنیف عباسی کے خلاف کریمنل کیس کو آگے لیکر جائیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ اخباری خبروں پر جہانگیر ترین کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے اور عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے ۔ سپریم کورٹ میں بہت سے اہم مقدمات پڑے ہیں ۔ ہمیں امید ہے یہاں سے حنیف عباسی جیل بھی جائیں گے اور جرمانہ بھی ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف کیسز کا مستقبل ردی کی ٹوکری ہے ۔عوام کو عمران خان اور جہانگیرترین کے کیسز میں دلچسپی نہیںبلکہ قوم کی نظریں ہیں کہ پاناما کا فیصلہ کیا جائے ۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس وقت کوئی سیاسی تحریک نہیں چلا رہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ قوم سپریم کورٹ کا فیصلہ سننا چاہتی ہے ۔موجودہ حالات میں کوئی سیاسی موومنٹ نہیں کرنا چاہ رہے ورنہ لوگ نوازشریف کے استعفیٰ کیلئے عمران کی کال کے منتظر ہیں۔