عمران خان بڑی مصیبت میں! وکیل نعیم بخاری نے بھی معذرت کر لی۔


اسلام آباد (اُردو آفیشل تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2017ء): سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل پیش کیے۔ دوران سماعت نعیم بخاری سے عمران خان کی منی ٹریل سے متعلق دستاویزی ثبوت طلب کرنے پر نعیم بخاری نے معذرت کر لی اور کہا کہ میرے پاس دستاویزی ثبوت موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کرکٹ کلب سے وصول شدہ تنخواہوں کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے موکل پر منی لانڈرنگ کا کوئی الزام نہیں ہے۔ عمران خان نے 1977 سے 1979 تک کیری پیکر سیریز کھیلی اور دیگر مراعات کے ساتھ ساتھ 75 ہزار آسٹریلوی ڈالرز وصول کیے ۔ اس سطح پر دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کر سکتے تاہم سپریم کورٹ کو مطمئن کریں گے۔

چیف جسٹس نے سماعت کے دوران نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ عمران خان کے خرچ کی جمائما نے ادائیگی کی اس بات کا کوئی دستاویزی ثبوت ہے؟ جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ عمران خان کے جس خرچ کی جمائما نے ادائیگی کی اس کا کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم جمائما اور راشد خان کے مابین طے ہوئی۔یہ وہ رقم تھی جو راشد خان نے خرچ کی اور بعد میں جمائما نے اس کی ادائیگی کی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جمائما سے تین اقساط میں 26 ہزار ڈالرز ملے۔ آپ کے پہلے تحریری جواب میں یہ موقف نہیں تھا۔