عمران خان کے خلاف تمام کیس ردی کی ٹوکری میں جائیں گے،ان کا جرم صرف یہ ہے کہ پانامہ کیس کیوں اٹھایا،فواد چوہدری
اُردو آفیشل۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی 1977ءسے 78تک کی منی ٹریل عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے ۔ عمران خان کے خلاف تمام کیسز ردی کی ٹوکری میں جائیں گے ۔ ”عمران خان کا جرم یہ نہیں کہ بنی گالہ جائیداد کیوں خریدی بلکہ انکا جرم یہ ے کہ وہ پاناما کیس کیوں اٹھا رہا ہے“۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ کھیلنے کی تمام دستاویز دیدیں۔ عمران خان کا لندن اپارٹمنٹ پچاس لاکھ کا تھا جسے فروخت کر کے پیسے پاکستان آئے اور بنی گالہ جائیداد خریدی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا قصور یہ ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں لوگوں کے لوٹے ہوئے پیسے واپس کریں ۔ پاکستان میں کتنے لیڈر ہیں جو اپنے کچن کا خرچہ بھی بتا تے ہیں ۔ اب عمران خان کے مخالفین کی زبانیں بند ہیں کیونکہ کمائی حلال کی ہو قطری خط اور جعلی دستاویز کی ضرورت نہیں پڑتی ۔عمران خان سے پانچ پانچ ہزار کا حساب مانگا جا رہا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاناما کیس سے ملک میں احتساب کا عمل شروع ہو گا اور فیصلے سے نواز لیگ کی لیڈر شپ ردی کی ٹوکری میں جائے گی ۔