چوہدری نثار کے خدشات دور،صدر ممنون حسین اور شہباز شریف نے چوہدری نثار کو منا لیا
اُردو آفیشل۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے طبیعت ناسازی کے باعث اتوار کو ہونے والی اہم پریس کانفرنس ملتوی کر دی، اب آج پریس کانفرنس کریں گے۔ وزیرداخلہ کو منانے میں صدر پاکستان ممنون حسین نے اہم کردار ادا کیا۔ آج پریس کانفرنس میں بیرون ملک علاج کیلئے جانے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
روزنامہ جہان پاکستان کے مطابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے خدشات دور کر کے انہیں راضی کر لیا گیا ہے جس میں صدر پاکستان ممنون حسین نے اہم کردار ادا کیاہے۔وزیر داخلہ کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وزیراعظم کی ممکنہ نااہلی کی صورت میں خواجہ آصف کو وزیراعظم نہیں بنایا جائے گا اور نہ ہی اداروں سے مزید ٹکراﺅ کی صورتحال پیدا کی جائے گی جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو من و عن تسلیم کیا جائے گا تاہم قانونی جنگ جاری رہے گی جس پر وزیرداخلہ نے پریس کانفرنس ایک دن کیلئے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو اپنے متعلق کی جانے والی قیاس آرائیوں سے متعلق اپنے مئوقف سے آگاہ کریں گے۔
اخبار کے مطابق چودھری نثار نے اپنی پریس کانفرنس ایک دن کیلئے ملتوی کر کے پارٹی قیادت کو غیر متنازع اور پارٹی کے تمام حلقوں کے لئے قابل قبول متبادل وزیراعظم نامزد کرنے کے آپریشن پر غور کیلئے مزید 24 گھنٹے کا وقت دیا ہے ۔ اگر حکمران خاندان نے ان کی تجویز قبول کر لی تو وہ آج پریس کانفرنس میں پارٹی قیادت کے خلاف ہاتھ ہلکا رکھیں گے بصورت دیگر سخت مئوقف اختیار کریں گے، حکمران جماعت کو موجودہ صورتحال تک لانے والوں کے نام لوگوں کے سامنے رکھیں گے جبکہ وزارت چھوڑنے کا اتنہائی قدم بھی اٹھا سکتے ہیں ۔
اخباری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف رابطہ کا روز را اور چودھری نثار سے بیک وقت رابطوں میں تھے اور مصالحتی کو ششوں کو آگے بڑھانے کیلئے چودھری نثار کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بھی استعمال میں لا رہے تھے۔ مصالحتی کوششوں کوا س وقت کامیابی ملی جب چودھری نثار کو آگاہ کیا گیا کہ پارٹی قیادت نے وزیراعظم کی ممکنہ معزولی کی صورت میں متبادل وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے ان کی رائے کو اہمیت اور فوقیت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ اخبار کے مطابق اکثر معاملات ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات طے پا گئے تھے تاہم چودھری نثار نے پریس کانفرنس ملتوی ہونے کا فیصلہ اتوار کو کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اس بارے سب سے پہلے آگاہ کیا۔ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ وزیراعظم کی ممکنہ معزولی کی صورت میں متبادل وزیراعظم کا فیصلہ چودھری نثار کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
دریں اثنا اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ نے کمر کی تکلیف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پریس کانفرنس ملتوی کی جو آج شام 5 بجے کی جائے گی ۔ ترجمان وزارت داخلہ نے میڈیا سے التماس کی کہ پریس کانفرنس ملتوی کرنے کی وجہ محض چودھری نثار کی طبیعت ناساز ہونا ہے لہٰذا اس خبر کو غلط رنگ دے کر پیش نہ کیا جائے۔