چوہدری نثار کو منانے کے لیے سینئر رفقا بھی میدان میں کود پڑے، گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا بھی میدان میں
اُردو آفیشل۔ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کو منانے کی کوششیں تیز کر دیں ہیں ، اہم اور سنیئر ترین رفقاء صلح کے لئے میدان میں کود گئے ہیں اور اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوااقبال ظفر جھگڑا نے بھی چودھری نثار علی سے رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ پارٹی کا سرمایہ ہیں اور آپ کی قربانی پارٹی اور جمہوریت کے لئے ہمیشہ قابل قدر رہی ہیں ، مشرف دورحکومت میں آپ کوبہت پیشکش ہوئیں لیکن آپ نے ٹھکرادیں جو آپ کے قد آور سیاستدان ہونے کا ثبوت ہے ۔ گورنر خیبر پختونخواہ نے کہا کہ آپ کا مسلم لیگ ن کے قیام اور اس کو چلانے میں انتہائی اہم کردار ہے جو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ۔
واضح رہے کہ چودھر ی نثار پانامہ کیس بارے پارٹی پالیسی سے اختلاف کے باعث کابینہ اجلاس کے بعد کسی بھی اجلا س میں شریک نہیں ہوئے اور وہ آج اتوار کے روز نیوز کانفرنس کرکے میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں اور اختلافات کے حوالے سے اپنی رائے واضح کریں گے ۔وزیرداخلہ چودھر ی نثار مسلم لیگ میں اپنی جداگانہ رائے اوربغیر کسی ہچکچاہٹ کے وزیر اعظم نواز شریف سمیت پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے اور کھل کر پارٹی پالیسیوں سے اختلاف کرتے رہتے ہیں تاہم ہر اختلافی موقع پر ان کے قریبی دوست وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارماضی میں ناراض ہونے پر منانے میں اہم کردار ادا کرتے رہے اور کامیاب بھی رہے ہیں تاہم اس مرتبہ وہ بھی چوہدری نثار علی کو منانے میں ناکام رہے ہیں۔دوسری طرف ابھی تک چوہدری نثار علی خان کو منانے کی کوششیں ابھی تک بار آور ہونے کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔جبکہ غیر جانبدار مبصرین کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان پارٹی سے شدید اختلافات کے باوجود مسلم لیگ نون نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کوئی الگ گروپ بنائیں گے تاہم وہ پارٹی میں رہتے ہوئے اپنی وزارت سے مستعفیٰ ہو سکتے ہیں ۔