عید الفطرکا چاند 25 جون کو نظر آنے کے واضح امکانات


محکمہ موسمیات نے وزارت مذہبی امور کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الفطرکا چاند 25 جون کو نظر آنے کے واضح امکانات ہیں. محکمہ موسمیات نے ڈی جی ریسرچ وزارت مذہبی امور کو خط میں عید الفطرکا چاند 25 جون کو نظر آنے کے واضح امکانات ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سائنس کی رو سے شوال کا چاند 25 جون کی شام دکھائی دے گا جس کے بعد اس بات کے واضح امکانات ہیں کہ عیدالفطر 26 جون بروز پیر ہو گی.

محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 24 جون کو صبح 7 بج کر31 منٹ پر ہو جائے گی، شوال کے چاند کی عمر25 جون کو غروب آفتاب کے وقت 36 گھنٹوں سے زائد ہو گی. محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصوں میں 25 جون کو موسم صاف یا جزوی ابرالود رہے گا جبکہ کراچی میں شوال کا چاند غروب آفتاب کے بعد 8 بج کر 42 منٹ تک دیکھا جا سکے گا.