چوہدری نثار کا بیرون ملک منتقل ہونے کا فیصلہ


پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رہنما چوہدری نثار کا بیرون ملک قیام کرنے کا فیصلہ، سابق وزیر داخلہ عام انتخابات میں شکست کے بعد منظر عام سے غائب ہیں، امریکا میں اہل خانہ کیساتھ قیام کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار کئی روز سے غائب ہیں۔ چوہدری نثار راولپنڈی کے علاقے چکری سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی سیاست کے آغاز سے اس علاقے سے ہمیشہ الیکشن جیتتے آئے ہیں۔
تاہم 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن میں چوہدری نثار کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار ہمیشہ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا کرتے تھے۔ تاہم 25 جولائی کے الیکشن میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ چوہدری نثار نے اپنی پارٹی کی قیادت کے پالیسیز کیخلاف بغاوت کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔

یہی فیصلہ چوہدری نثار کیلئے تباہ کن ثابت ہوا اور انہیں اپنے آبائی حلقے سے پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کی نشست جیتنے میں ضرور کامیاب رہے۔ لیکن حیران کن طور پر چوہدری نثار نے تاحال اپنی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ چوہدری نثار صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ کر غلام سرور خان کی جانب سے خالی کی گئی چکری کی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
چوہدری نثار 31 اگست کو لندن کیلئے روانہ ہو رہے ہیں۔ لندن سے پھر وہ امریکا کیلئے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ پہلے سے قیام پذیر اپنے اہل خانہ کے ساتھ قیام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار غیر معینہ مدت کیلئے بیرون ملک جا رہے ہیں۔ ایسے میں ان کے سیاسی کیرئیر پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔