سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور ممتاز ماہر تعلیم تمغہ امتیاز دادی لیلا 102 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں


حیدرآباد: سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور ممتاز ماہر تعلیم تمغہ امتیاز دادی لیلا 102 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، مقامی شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں، اس موقع پر ان کے بیٹے ڈاکٹر پردیپ کے علاوہ ہندو برادری کے معززین عزیزواقارب اور دیگر افراد موجود تھے۔دادی لیلا کے نام سے مشہور و معروف خاتون لیلا وتی وادھوانی 102 سال کی عمر میں گذشتہ رات انتقال کر گئیں، ان کے شوہر تلسی داس ہری چندانی کا برسوں پہلے ہی انتقال ہو گیا تھا، ان کے بیٹے ڈاکٹر پردیپ اور بہو میڈیکل کے پروفیشن سے تعلق رکھتے ہیں، دادی لیلا لیلا وتی ہرچندانی 19 دسمبر 1916ء کو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں، ان دنوں ان کا خاندان ہیرآباد میں رہائش پذیر تھا، وہ میراں گرلز ہائی اسکول ہیرآباد کی پرنسپل رہیں، انسپکٹر آف گرلز اسکولز حیدرآباد ریجن کی انسپکٹر کی حیثیت سے انہوں نے خدمات سرانجام دیں، وہ گرلز گائیڈ سندھ کی کمشنر رہیں، ماہر تعلیم کی حیثیت سے انہوں نے تعلیم کے فروغ کے لئے صوبے میں غیرمعمولی خدمات انجام دیں جبکہ ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی انہوں نے بڑا نام پیدا کیا، وہ سندھ میں تعلیم کے فروغ اور سماجی خدمات کے حوالے سے ایک علامت سمجھی جاتی ہیں انہی خدمات کی وجہ سے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا، دادی لیلا کا گذشتہ رات انتقال ہوا جبکہ جمعرات کو شام میں ان کی ارتھی (میت) سبزی منڈی حالی روڈ کے علاقے میں واقع شمشان گھاٹ لے جائی گئی جہاں ان کی آخری رسومات (اگنی سنسکر) ادا کی گئی، اس موقع پر دادی لیلا کے بیٹے ڈاکٹر پردیپ کے علاوہ مذہبی شخصیات برادری کے رہنماء عزیزواقارب اور دیگر بھی موجود تھے، ان کی خدمات کو تعلیمی اور سماجی حلقوں میں تادیر یاد رکھا جائے گا۔