سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد انتقال کرگئے


تلہ گنگ (نیوز ڈیسک)سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد انتقال کرگئے‘وہ طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے،3 دن قبل ان کی طبیعت خراب ہوئی‘ جس کے بعد انہیں علاج کے لیے اسلام آباد ایف ٹین کے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم رات ایک بجے کے قریب انہیں دِل کا دورہ پڑا جو جان لوا ثابت ہوا ، وہ75سال کی عمر میں قضائے الٰہی سے انتقال کرگئے، ان کے جسد خاکی کو اسلام آبا دسے پشاور منتقل کردیا گیا،

قاضی حسین احمد کے انتقال پرصدرآصف زرداری‘وزیراعظم راجا پرویزاشرف‘ امیرجماعت اسلامی سید منورحسن،‘قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن‘ نواز شریف ‘مولانا سمیع الحق ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف‘لیاقت بلوچ ‘ سیدمعراج الہدیٰ صدیقی‘ محمدحسین محنتی‘ا سفند یارولی ‘حافظ سعید‘حافظ حسین احمد‘الطاف حسین‘ لارڈ نذیراحمد سمیت دیگرمذہبی وسیاسی رہنماؤں نے شدیدغم اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔صدراوروزیراعظم سمیت تمام رہنماؤں نے قاضی حسین احمد کی ملی وقومی خدمات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خلا کبھی پرنہیں کیا جاسکے گا۔ قاضی حسین احمد1938ء میں ضلع نوشہر ہ کے گاؤں زیارت کاکا صاحب میں پیدا ہوئے،وہ1970ء میں جماعت اسلامی کے رکن بنے اورمیاں طفیل محمدکے بعدجماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوئے،قاضی حسین مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے آخری سربراہ بھی رہے۔قاضی حسین احمد2مرتبہ سینیٹر اورایک مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=vv32DZX_vVM