”یہ بک گئی ہے گورنمنٹ” قمر آنٹی کے بیٹے نے خاندان سے متعلق افسوسناک کہانی بیان کر دی


کراچی (اُردو آفیشل۔ 19 جولائی 2017ء): ”یہ بک گئی ہے گورنمنٹ”۔ یہ ویڈیو تو ہر پاکستانی کو یاد ہی ہو گی ۔ گورنمنٹ سے اپنی ناراضی کا اظہار کرتی ان خاتون کی اس ویڈیو کو پاکستان سمیت بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانی شہریوں کی جانب سے بھی خوب وائرل کیا گیا۔ لیکن اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد قمر آنٹی عرف آنٹی گورنمنٹ کے خاندان پر کیا گزری ان بیٹے نے خاندان کی کہانی بیان کر کے سب کو افسردہ کر دیا۔

قمر آنٹی کے بیٹے کا کہنا تھا کہ امی غصے کی بہت تیز ہیں اور جب ان کا بلڈ پریشر ہائی ہوتا ہے تو پھر وہ غصے میں گالیاں بھی بہت دیتی ہیں۔انہیں پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ غصے میں کیا کہ رہی ہیں اور کس کو کہہ رہی ہیں؟ ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ اس دن بھی امی کا بلڈ پریشر بہت ہائی تھا۔ جس کی وجہ نہایت گرمی اور ہمارے علاقہ میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کی زیادتی تھی۔ جب ٹی وی چینل کی ٹیم نے امی سے سوالات کیے تو ان کے پوچھنے پر امی نے غصے میں پتہ نہیں کیا کیا بول دیا تھا۔ ہمیں اس وقت تو اس بات کا علم نہیں ہوا لیکن اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ہماری فیملی کا پورے خاندان میں سماجی بائیکاٹ ہوگیا ۔ سب میری امی کا مذاق اڑانے لگے ۔ہم نے خاندانی تقریبات میں جانا چھوڑ دیا ہے کیونکہ خاندان والے فنکشن چھوڑ کر میری امی کو موضوع بحث بنا لیتے تھے۔ اسی بات کو لے کر ہمارے اپنے محلے میں کئی بار جھگڑے ہو چکے ہیں۔ محلے اور خاندان کی لڑائیاں اس قدر زیادہ ہو گئیں کہ اب ہمارا گھر پوری گلی میں اکیلا ہو گیا ہے۔اور کوئی بھی ہمارے گھر آتا جاتا نہیں ہے۔قمر آنٹی کے بیٹے کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کے وائرل ہونے سے سب سے افسوسناک بات یہ ہوئی کہ میری امی کی ویڈیو کی وجہ سے میری بہنوں کے رشتے نہیں ہو پا رہے۔ اور بہنوں کے رشتے نہ ہونے پر بھی تمام اہل خانہ سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ معاشرہ ہمیں جینے ہی نہیں دیتا۔ بھائی اور ابو باہر جاتے ہیں تو لوگ ان کا بھی مذاق اڑاتے ہیں۔ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہمارامذاق بنا دیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سے میری امی مزید چڑ چڑی ہو گئی ہیں۔ قمر آنٹی کے بیٹے نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ چینل والوں کو سوچنا چاہئیے تھا کہ اگر میری امی نے غصے میں کچھ غلط بول دیا تھا تو اس کو ڈیلیٹ کردیتے۔ تاکہ آج ہمیں اس قدر اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔