آدمی کو پھیپھڑوں کا کینسر، ڈاکٹروں نے سرجری کیلئے آپریشن شروع کیا، سینہ کھولا تو دراصل کینسر نہ تھا بلکہ۔۔۔ اندر سے کیا چیز نکلی؟ کسی ڈاکٹر نے خوابوں میں بھی نہ سوچا تھا


برطانیہ میں ایک شخص کو کئی سال سے پھیپھڑوں کی خرابی کا مرض لاحق تھا جبکہ حال ہی میں وہ ہسپتال گیا تو ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنہ کرنے کے بعد رائے دی تھی کہ اسے پھیپھڑے کا کینسر ہے۔ اس تشخیص کی وجہ اس کے دائیں پھیپھڑے میں دکھائی دینے والی رسولی تھی، لیکن جب آپریشن کیا گیا تو پھیپھڑے سے ایسی چیز نکل آئی کہ دیکھ کر ڈاکٹر بھی دنگ رہ گئے۔ یہ کوئی رسولی نہیں بلکہ ایک چھوٹا سا کھلوناتھا جو اس شخص نے تقریباً 40 سال قبل نگلا تھا اور اب تک یہ اس کے پھیپھڑوں میں موجود تھا۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق متاثرہ شخص کا آپریشن رائل پریسٹن ہسپتال کے ڈاکٹر محمد منور نے کیا اور اس انوکھے آپریشن کے متعلق انہوں نے تفصیلی رپورٹ سائنسی جریدے ’بی ایم جے کیس رپورٹ‘ میں شائع کی ہے۔ مریض کی عمر 50 سال ہے، یعنی اس نے یہ کھلونا تقریباً 10سال کی عمر میں نگلا تھا۔

آپریشن کے بعد نکالے گئے کھلونے کے معائنے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ پلاسٹک سے بنی ایک ’ٹریفک کون‘ ہے۔ مریض کا کہنا ہے کہ اسے کچھ کچھ یاد ہے کہ 10ویں سالگرہ پر اسے کھلونوں کا ایک سیٹ تحفے میں دیا گیا تھا جس میں پلاسٹک کی گاڑیاں اور ان کے راستے میں رکھی جانے والی پلاسٹک کی کونز تھیں۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے ان میں سے ایک کون کو نگل لیا تھا لیکن اسے یاد نہیں کہ اس کے بعد کیا معاملہ پیش آیا تھا۔

یہ مریض گزشتہ چار دہائیوں سے کھانسی کے مرض میں مبتلا تھا اور حالیہ مہینوں میں اس کے مسائل بدترین ہوگئے تھے۔ ڈاکٹر منور نے اس مریض کے متعدد ٹیسٹ کئے جن میں سی اے ٹی سکین بھی شامل تھا، جس کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ اس کے دائیں پھیپھڑے میں رسولی موجود تھی، البتہ آپریشن کرنے پر انکشاف ہوا کہ یہ کینسر کی رسولی نہیں بلکہ پلاسٹک کا کھلونا تھا۔