ہر وقت تھکاوٹ اس مرض کی علامت تو نہیں؟


کیا آپ ہر وقت تھکاوٹ کا شکار رہتے ہیں؟ کیا سونے میں مشکلات کا سامنا ہے ؟ یا کسی کام کرتے ہوئے توانائی کی کمی کا احساس ہوتا ہے؟ اگر تو ہر وقت تھکاوٹ اور اوپر درج دیگر علامات آپ کی زندگی کا حصہ بن چکی ہیں تو آپ ان لاکھوں کروڑوں افراد میں سے ایک ہیں جن کے اندر خون کی کمی ہے. یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی.

مایو کلینک کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر جسم میں صحت مند خون کے سرخ خلیات کی کمی ہوجائے جو جسم کے ٹشوز تک آکیسجن پہنچانے کا کام کرتے ہیں، تو ہر وقت شدید تھکاوٹ کا احساس گھیرے رکھتا ہے. تحقیق کے مطابق اینیمیا کا مرض ہر وقت تھکاوٹ اور کمزوری کا باعث بنتا ہے.اسی طرح جلد کی رنگت میں زردی جھلکنا، سانس لینے میں مشکل، ہاتھ پیر ٹھنڈے پڑجانا اور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی بھی خون کی کمی یا اینیمیا کے مرض کی علامات ہیں. محققین کا کہنا تھا کہ اگر یہ علامات سامنے آئیں تو ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہئے.ان کے بقول عام طور پر اینیمیا کا مسئلہ آئرن سپلیمنٹ کے استعمال سے حل ہوجاتا ہے تاہم طبی ماہر کے مشورے کے بغیر ایسا کرنا نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے. محققین نے مزید بتایا کہ خون کے سرخ خلیات کی کمی کی تشخیص بلڈ ٹیسٹ کے ذریعے ممکن ہوتی ہے اور یہ مرض ذہنی اور جسمانی کارکردگی متاثر کرنے کا باعث بھی بن سکتا ہے.