ستائیس سالہ نوجوان لڑکی کو اچانک مسلسل خارش کی شکایت اور پھر کچھ عرصہ بعد موت ہوگئی، یہ کس چیز کی علامت تھی اور موت کی وجہ کیا بنی؟


 خارش کو ہمارے ہاں کوئی مرض ہی نہیں سمجھا جاتا اور لوگ عموماً اپنے طور پر ہی لوشن وغیرہ خرید کر یا دیسی ٹوٹکوں سے اس کا علاج کرنے پر اکتفا کرتے ہیں لیکن درحقیقت کبھی ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ کسی کو ہونے والی خارش اس کے جسم میں موجود کسی جان لیوا مرض کی نشاندہی کر رہی ہو۔ ایسا ہی برطانیہ میں 27سالہ لڑکی لوسی(Lucy) کے ساتھ ہوا۔ برطانوی شہر لیڈز کی رہائشی لوسی کو جون 2013ءمیں اچانک جسم پر خارش ہو گئی۔ اس وقت لوسی لندن میں مقیم تھی اور اپنی نئی نوکری کے لیے زیرتربیت تھی۔ وہ ایک میڈیکل سنٹر گئی جہاں ڈاکٹروں نے اسے خارش کا ایک لوشن دیا اور واپس بھیج دیا، مگر اسے کوئی افاقہ نہ ہوا۔ جولائی کے پہلے ہفتے میں لوسی لندن سے واپس لیڈز آئی۔ اس وقت اس کی جلدمیں خارش کی وجہ سے دراڑیں پڑ رہی تھیں۔

لیڈز میں وہ اپنے ڈاکٹر کے پاس گئی ۔ ڈاکٹر کا خیال تھا کہ اس کی خارش الرجی کی وجہ سے ہے۔ لیکن اس ڈاکٹر کا خیال بھی غلط ثابت ہوا کیونکہ اس کے 4ماہ بعد انکشاف ہوا کہ اس کے جگر میں کینسر کا ایک ٹیومر بن چکا تھا اور خارش اسی کی وجہ سے ہو رہی تھی۔بعد ازاں اسی کینسر کی وجہ سے لوسی کی موت واقع ہو گئی۔ جب لوسی اس بیماری میں مبتلا ہوئی تو اس کے دوست لیام کروسلے (Liam Crossely) سے اس کی منگنی ہو چکی تھی اور دونوں عنقریب شادی کرنے والے تھے۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق لیام کروسلے کا کہنا تھا کہ ”ہم لوسی کی بیماری کو عام سمجھتے رہے۔ جب اس کے جگر میں کینسر کی تشخص ہوئی تو ہمیں شدیددھچکا لگا۔ وہ زندگی سے بھرپور لڑکی تھی اور ہم اپنے رشتے سے بہت خوش تھے۔“ڈاکٹروں کے مطابق لوسی پتے کی نالی کے کینسر(Bile Duct Cancer) کا شکار ہوئی۔ گزشتہ سال برطانیہ میں 1ہزار832افراد اس مرض کا شکار ہوئے جن میں سے1ہزار 720مریض جاں بحق ہوگئے۔