ناموربالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اپنے نئے برانڈ ’’نْش‘‘ کے ڈیزائنزپر چوری کا الزام لگنے کے بعد بڑی مصیبت میں گرفتار ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ انوشکا شرما بالی ووڈ کی باصلاحیت اورخوبصورت اداکارہ ہونے کے ساتھ بہت ذہین بھی ہیں اوراسی ذہانت کی وجہ سے وہ بہت کم وقت میں فلم پروڈیوسربننے کے ساتھ کامیاب بزنس وومن بھی بن گئی ہیں، حال ہی میں انہوں نے ’’نْش‘‘ کے نام سے کپڑوں کا نیا برانڈ متعارف کروایا ہے۔ انوشکا اپنے نئے برانڈ کولے کراتنی زیادہ پرجوش ہیں کہ انہوں نے اپنے برانڈ کی تشہیر کے لیے تصاویراورویڈیوز بھی مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئرکی ہیں۔تاہم انوشکا اس وقت بڑی مصیبت میں پھنس گئیں جب برانڈ لانچ کرتے ہی ان پر چوری کا الزام لگ گیا۔بھارتی میڈیا کاکہنا ہے کہ انوشکا شرما کے ڈیزائنرکردہ کپڑوں کے تمام ڈیزائن چوری کے ہیں اوران پر یہ الزام بھی لگایا جارہا ہے کہ انہوں نے یہ تمام ڈیزائنز ایک مقبول ترین چائنیزبرانڈزسے چوری کیے ہیں، یہ سارے ڈیزائنز بآسانی ایک چائنیزای کامرس آن لائن ویب سائٹ پردستیاب ہیں۔ انوشکا کے بارے میں یہاں تک کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی مقبولیت کا فائدہ اٹھا کر چوری کردہ ڈیزائنز بیچ رہی ہیں۔
دوسری جانب انوشکا شرما کی ٹیم نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اوراگر واقعی یہ ڈیزائنز چوری شدہ ہیں تواس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انوشکا کی ٹیم کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ انہوں نے ڈیزائنز کے چوری ہونے کی تردید نہیں کی، اب دیکھنا یہ ہے کہ انوشکا اوران کی ٹیم اس معاملے پرکیا ایکشن لیں گی۔