زاہد حامد کو ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کا علم تھا، سینیٹر محسن عزیز


پاکستان تحریک انصاف نے ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور اپنے ایک انٹرویو میں تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر محسن عزیز نے اپنی جماعت کے اسی مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ معلوم ہونا چاہیے کہ کس کے کہنے پر ختم نبوت کے خلف نامے کو آخری وقت میں تبدیلی کیا گیا۔سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ الیکشن بل 2017 کی منظوری سے قبل وزیر قانون زاہد حامد کو ختم نبوت کے حلف نامے میں ہونے والی اس تبدیلی کے بارے میں معلوم تھا تاہم اُس وقت ان کا مﺅقف تھا کہ اس تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان ملک ہوتے ہوئے ایسی تبدیلی کرنا ہمارے لیے انتہائی شرمناک بات ہے لہٰذا ہمارا مطالبہ اصولی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے کارروائی عمل میں لائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی اس معاملے کی تحقیقات کروانے کا حکم دیا ہے تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو شاید یہ بات معلوم ہے کہ اس حلف نامے کی تبدیلی کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں‘ اسی وجہ سے وہ انکوائری کروانے میں زیادہ سنجیدہ نہیں نظر آتی ۔