”آپ ایسا ہسپتال نہیں بنا سکے جہاں شریفوں کا علاج ہوسکے“ نواجوان نے ٹی وی پروگرام کے دوران عظمیٰ بخاری سے یہ سوال کیا تو انہوں نے آگے سے فوج کے خلاف ایسی بات کہہ دی کہ اینکر کو فوری طور پر مداخلت کرنا پڑ گئی


مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کو اس وقت سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے نجی ٹی وی کے ایک مباحثے میں شرکت کی ۔ ایک نوجوان نے ان سے شریف خاندان اور پاکستان میں تعلیم و صحت کے نظام کے حوالے سے سوال پوچھا تو انہوں نے پاک فوج پر چڑھائی شروع کردی، جس پر اینکر پرسن کو فوری طور پر مداخلت کرنا پڑ گئی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’ٹو دی پوائنٹ‘ نے نوجوانوں کیلئے ایک مباحثے کا اہتمام کیا جس میں مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو بطور مہمان مدعو کیا گیا۔ پروگرام کے دوران ایک نوجوان نے عظمیٰ بخاری سے سوال کیا ’ آپ کو پنجاب میں 10 سال ہو چکے ہیں لیکن آپ ان 10 سالوں میں ایک ایسا ہسپتال نہیں بنا سکے جہاں شریفوں کا علاج ہو سکے یا ایک ایسا سکول نہیں بنا سکے جہاں شریفوں کے بچے پڑھ سکیں‘۔نوجوان کے اس سوال پر ہال میں تالیاںگونج اٹھیں اور جب یہ شور تھما تو عظمیٰ بخاری نے کچھ یوں جواب دیا ’ ہم نے تعلیم اور صحت کے حوالے سے بہت کچھ کیا ہے، آزادانہ ذرائع کہتے ہیں کہ پنجاب میں شرح خواندگی 89 فیصد ہو چکی ہے، کارڈیالوجی کو اپ گریڈ کردیا ہے جبکہ مزید 4 کارڈیالوجی سنٹرز بھی بنا رہے ہیں‘۔
عظمیٰ بخاری کے اس جواب پر اینکر پرسن منصور علی خان نے استفہام کیا کہ ’میاں صاحب اور بیگم کلثوم نواز اپنا علاج لندن میں کراتے ہیں جبکہ مریم نواز بھی ان دنوں لندن میں ہیں، آخر ایسی کیا بات ہے لندن میں؟ لاہور لاہور ہے یہاں آﺅ‘۔
اس سوال پر عظمیٰ بخاری پھٹ پڑیں اور کہا سیاستدانوں سے سوال بھی کیے جاتے ہیں لیکن فوجیوں سے کوئی نہیں پوچھتا، سی ایم ایچ علیحدہ ہوتا ہے، فوجیوں کے بچے پڑھائی بھی علیحدہ کرتے ہیں اور ان کا علاج بھی علیحدہ ہوتا ہے اور وہاں کوئی سویلین قدم بھی نہیں رکھ سکتا ان سے تو کوئی سوال نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جج صاحب کا پاناما میں نام آیا تھا لیکن ان سے تو کسی نے سوال نہیں کیا۔
عظمیٰ بخاری کے اس جواب پر اینکر پرسن منصور علی خان نے جواب الجواب دیتے ہوئے کہا ’حکومت تو آپ کی ہے ، نام تو آپ نے لینا ہے، ایکشن بھی آپ نے لینا ہے ہم نے تو نہیں لینا‘ ۔ منصور علی خان کے اس جواب پر ہال ایک بار پھر تالیوں سے گونج اٹھا۔