پی ٹی آئی کی طرح سٹاک مارکٹ کو بھی پرلگ گئے،نوازشریف کی نا اہلی کے بعد47ہزار کی نفسیاتی حد پار کر گئی


پی ٹی آئی کی طرح سٹاک مارکٹ کو بھی پرلگ گئے،نوازشریف کی نا اہلی کے بعد47ہزار کی نفسیاتی حد پار کر گئی
اُردو آفیشل۔ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران ہر اہم پیشی پر سینکڑوں پوائنٹ نیچے جانے والی سٹاک مارکیٹ کو بھی نواز شریف کی نا اہلی کے بعد پی ٹی آئی کی طرح ’پر ‘ لگ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی نا اہلی کے روز کاروباری ہفتے کا آخری دن تھا اور اس روز سٹاک مارکیٹ 6 سے 7 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوئی تھی جبکہ آج (پیر کو)یعنی اگلے کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 1 ہزار168 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 47 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرکے 47 ہزار80 پوائنٹس پر آگیا ہے۔ 100 انڈیکس میں اب تک 5 کروڑ 51 لاکھ 5 ہزار 980 شیئرز کا لین دین ہو چکا ہے جن کی مارکیٹنگ ویلیو 5 ارب 63 کروڑ 74 لاکھ 59 ہزار 490 روپے ہے۔
واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران جب بھی اہم پیشی ہوتی تھی تو سٹاک مارکیٹ میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس تک گر جاتی تھی ۔ حسین نواز کی پہلی پیشی پر مارکیٹ میں 2100 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی جبکہ نواز شریف کی پیشی کے موقع پر یہ 1900 سے زائد پوائنٹس گر گئی تھی۔ اسی طرح شہباز شریف ، حسن نواز اور اسحاق ڈار کی پیشیوں کے موقع پر بھی سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی تھی۔