پاکستانی زائرین کو سہولیات کی فراہمی پاکستانی تاجروں کو ایرانی منڈیوں تک رسائی میری اولین ترجیح ہیں ،فوری طور پر میڈیکل انشورنس کی فیس ایک ہزار روپے سے کم کر کے پانچ سو روپے کر دی ہے،دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستانی فوج کا کردار قابل تحسین ہے ،سی پیک کے حامی ہیں ،پاک ایران گیس منصوبہ کی تکمیل پاکستان کی ترقی کو چار چاند لگا دے گا ،ایک ماہ کے اندر پیپر ویزہ شروع کر رہے ہیں،40سال سے کم عمر افراد پر ایرانی ویزہ کی کوئی پابندی نہیں ہے ،ایران اور پاکستان دو دوست ملک ہیں ،کوئٹہ،پشاور،اسلام آباد،لاہور،کراچی سے مشہد اور تہران کے لیے براہ راست فلایٹس شروع کرنے کے خواہاں ہیں ان خیالات کا اظہار ایرانی قونصل جنرل لاہور مجید صادقی دولت آبادی نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی انٹرویو میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ تقریباََ18سال بعد مجھے دوبارہ لاہور میں ذمہ داری دی گئی ہے مجھے دلی طور پر پاکستان سے لگاؤ ہے اہل لاہور بڑی محبت کرنے والے لوگ ہیں، پاکستانی اور ایرانی تاجروں کو قریب کرنا پاکستانی زائرین کی مشکلات کو کم کرنا اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا میری ترجیحات ہیں ،میڈیکل انشورنس کی فیس 1000روپے سے کم کر کے 500روپے کر دی ہے ،لیبارٹری کو فوری طور پر فیس500روپے سے کم کر کے400روپے کرنے کی ہدایت کی ہے ،میڈیکل رپورٹس اور ویزہ کے حوالے سے جو مشکلات ہیں ان کو حل کر رہے ہیں ،40سال سے کم عمرافرادپر ایرانی ویزہ کی کوئی پابندی نہیں ہے البتہ نوجوانوں کو ویزہ جاری کرتے وقت احتیاط ضرور کی جاتی ہے کیونکہ نوجوان ایران کے ذریعے ترکی اور دیگر ممالک میں جا کر غائب ہو جاتے ہیں یا داعش میں شامل ہو جاتے ہیں اس کے علاوہ بھیک مانگنے والوں کے گروپوں میں شامل ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں اس لیے 40سال سے کم عمر افراد کی سکیورٹنی سخت ہوتی ہے ،انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر اندر پیپر ویزہ کا نظام نافذ ہو جائے گا سب تیاریاں مکمل ہیں کام ہو رہا ہے جلد اجراء ہو گا،دہشت گردی کے حوالے سے ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی فوج کی قربانیاں لازوال ہیں ان کی قدر کی جانی چاہیے ہم پاکستانی افواج کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں ،سی پیک کے حامی ہیں،گوادر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہو گی ،کچھ ممالک اس حوالے سے ہمارے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ،چائینز کمپنیوں سے ہماری بات چیت جاری ہے جو کردار ادا کر سکے ضرور کریں گے ،مجید صادقی دولت آبادی نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ پاک ایران گیس منصوبہ دونو ں ممالک کو اور قریب کرے گا اس منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان کی ترقی کو چار چاند لگیں گے ،گیس کا مسئلہ حل ہو جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ایرانی ویزہ میں اگر کسی پاکستانی زائر کو شکایت ہو تو کسی جگہ ثبوت کے ساتھ کرپشن کی نشاندہی کریں تو فوری ایکشن ہو گا ،میڈیکل کرنے والی لیبارٹری کے حوالے سے شکایات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نشاہدہی کی جائے میں اس لیبارٹری کو بلیک لسٹ کر دوں گا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ایران کے لیے براہ راست فلائٹس بہت کم جا رہی ہیں میری کوشش ہے کہ کوئٹہ،پشاور،اسلام آباد،کراچی اور لاہور سے تہران اور مشہد کے لیے براہ راست فلائٹس کا آغاز ہو ،انہوں نے کہا کہ میں ایرانی حکومت کا نمائندہ ہوں ایرانی قوانین کی عمل داری میری ذمہ داری ہے اپنا کوئی قانون نہیں ہے مجھے جو اوپر سے حکم آئے گا اس پر عمل درآمد کرنا میری ذمہ داری ہے ،بہتر تجاویز کے لیے میرے دروازے 24گھنٹے ایران اور پاکستان باہم مل کر اقتصادی مشکلات کے حل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، تجارتی روابط میری اولین ترجیح ہے،ثقافتی،تعلیمی پروگرامات دوسری ترجیح ہو گا ،صحافی برادری کی معاونت اور رہنمائی کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے اس لیے صحافی برادری کی رہنمائی اور سرپرستی کا ہر وقت طالب رہتا ہوں ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی صحت اور سلامتی کے لیے دُعا گو ہوں ،پاکستان کی عزت میری عزت ہے ،میرے ملک کی عزت ہے ایران اور پاکستان دو اسلامی برادر ملک ہیں جو ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے۔